(ویب ڈیسک) بھارت کے سپر سٹار کامیڈین کپل شرما نے اپنے نیٹ فلکس کے شو پر پاکستان کے عظیم مزاحیہ اداکار امان اللہ خان (مرحوم) کی یادگار بات مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
کپل شرما نے اپنے کیریئر کا آغاز سٹینڈ اپ مقابلوں سے کیا تھا اور اب انہوں نے حال ہی میں کامیڈینز کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں امان اللہ خان کی یادیں تازہ کیں۔
بھارتی کامیڈین نے بتایا کہ ایک بارلیجنڈری امان اللہ خان نے ان سے کہا تھا کہ مقابلہ عام طور پر ہیروز اور ہیروئنز کے درمیان ہوتا ہے، ہم کامیڈین تو ایک نیک کام کررہے ہیں، ہم لوگوں کے چہروں پر ہنسی لارہے ہیں، ہمارے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہوتا۔
کپل شرما کے مطابق امان اللہ خان کا ماننا تھا کہ ممکن ہے کسی کی بات پر زیادہ ہنسی آئے اور کسی پر کم لیکن دن کے اختتام پر ہمارا مقصد انسانیت میں خوشیاں بانٹنا ہے جو کہ ایک بہت ہی اعلیٰ مقصد ہے۔
واضح رہے کہ امان اللہ خان جنوبی ایشیا میں سٹینڈ اپ کامیڈی کا سب سے بڑا نام سمجھے جاتے ہیں۔
انہوں نے ٹیلی ویژن اور سٹیج پر ہزاروں شوز کیے اور بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
