(ویب ڈیسک) ایکسائز حکام نے ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹوکن ٹیکس اور ای پی اے چالان کی وصولی بھی ٹریفک پولیس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکام کے مطابق “ون ایپ” کے ذریعے اب ٹریفک چالان کے ساتھ مختلف محکموں کی سرکاری وصولیاں بھی ایک ہی پلیٹ فارم پر ممکن ہوں گی، نیا نظام آئندہ ہفتے سے مرحلہ وار صوبہ بھر میں نافذ کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ون ایپ میں 9 مختلف محکموں کا مربوط ڈیٹا شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے گاڑی نمبر یا نمبر پلیٹ کی تصویر ڈالنے پر تمام واجبات کی تفصیلات فوری سامنے آ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایپ گزشتہ دو ماہ سے ڈیجیٹل چالاننگ کیلئے کامیابی سے استعمال ہو رہی ہے اور اب اس کا دائرہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
نئے نظام کے تحت چالان اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی پی ایس آئی ڈی کے ذریعے براہِ راست متعلقہ ادارے کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گی، جس سے شفافیت اور رفتار میں اضافہ ہو گا۔
حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں دیگر سرکاری اداروں کو بھی اس سسٹم تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام گاڑیوں سے متعلق معلومات اور ادائیگی کی سہولت میسر آ سکے۔
