(لاہور نیوز) انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے لیے ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی ہے.
جس کے مطابق بارہویں جماعت کے امتحانات 20 مئی جبکہ گیارہویں جماعت کے امتحانات 15 جون سے شروع ہوں گے۔
ڈیٹ شیٹ کے مطابق گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پہلے پرچوں میں سائیکالوجی، ہوم اکنامکس اور اپلائیڈ سائنسز شامل ہوں گے۔ امتحانی شیڈول کے تحت طلبہ مختلف مضامین کے امتحانات مرحلہ وار دیں گے۔
امتحانی شیڈول میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات بھی شامل کی گئی ہیں، جس کے مطابق 26 مئی سے 31 مئی تک امتحانات نہیں ہوں گے اور ان دنوں میں عید کی چھٹیاں ہوں گی۔
بارہویں جماعت (انٹر پارٹ ٹو) کا آخری پرچہ 12 جون کو مطالعہ پاکستان کا لیا جائے گا، جبکہ گیارہویں جماعت (انٹر پارٹ ون) کا آخری پرچہ 8 جولائی کو کمپیوٹر سائنس کا ہوگا۔
بورڈ حکام کے مطابق تحریری امتحانات کے بعد پریکٹیکل امتحانات کا سلسلہ 10 جولائی سے شروع ہو کر 18 اگست تک جاری رہے گا۔
امتحانی بورڈز نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں اور اوقات کے مطابق امتحانی مراکز میں پہنچیں اور رول نمبر سلپس سمیت تمام ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔
