07 May 2026
(لاہور نیوز) لاہور میں نویں جماعت کے بیالوجی امتحان کے دوران ایک جعلی امیدوار اور نقل کرنے والے طلبا پکڑے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈگری کالج جنڈیالہ شیر میں ایک نوجوان اپنے بھائی کی جگہ امتحان دیتے ہوئے گرفتار ہوا، ملزم نے بتایا کہ بھائی کی طبیعت خراب ہونے پر وہ اس کی جگہ امتحان دینے آیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
دوسری جانب گورنمنٹ سکول موڑا کھنڈا میں ایک طالبعلم کو بیالوجی کی کتاب کے صفحات چھپا کر نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا، جس کے خلاف یو ایم سی بنا دی گئی۔
لاہور بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کے سکواڈ نے مختلف مراکز کا دورہ کرتے ہوئے خلاف ورزیوں میں ملوث امیدواروں کے خلاف کارروائی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے نقل اور جعلسازی پر سخت ایکشن جاری رہے گا۔
