(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف جمعۃ المبارک کے موقع پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
انہوں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر سکیورٹی الرٹ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات پر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ داخلی و خارجی ناکوں پر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی مشکوک گاڑی یا شخص بغیر چیکنگ داخل نہ ہو سکے۔
انہوں نے مساجد کے اطراف گشت بڑھانے اور سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ نمازِ جمعہ کی سکیورٹی خود فیلڈ میں جا کر چیک کریں۔
ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے کہا کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران اور اہلکار مکمل الرٹ رہیں، جبکہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو عبادت گاہوں سے مناسب فاصلے پر پارک کروایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور پٹرولنگ یونٹس مساجد کے اطراف مسلسل گشت جاری رکھیں۔
شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مشکوک افراد اور حرکات پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کے خطرے کی صورت میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں۔
