(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی جی فوڈ پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں گندم خریداری کا عمل جاری ہے، جس میں کسانوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کا کہنا تھا کہ اب تک 63 ہزار 313 کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ صوبے کے 233 گندم خریداری مراکز پر رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 14 کمپنیاں گندم کی خریداری میں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ محکمہ خوراک کے پاس 18 لاکھ 62 ہزار 428 میٹرک ٹن باردانہ موجود ہے۔
ڈی جی فوڈ کا مزید کہنا تھا کہ اب تک کسانوں میں 26 ہزار 260 بیگز باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو سہولت فراہم کرنا اور گندم کی شفاف و بروقت خریداری کو یقینی بنانا ہے، تاکہ زرعی شعبے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
