(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “معذوری سے پاک پنجاب” ویژن کے تحت سوشل ویلفیئر و بیت المال ڈیپارٹمنٹ نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
جدید بایونک مصنوعی اعضا کی فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی قیادت میں جاری اس منصوبے کا آغاز اکتوبر 2025 میں کیا گیا تھا، جس کے تحت 173 مستحق افراد باہم معذوری کو جدید مصنوعی اعضا فراہم کئے گئے۔
اختتامی تقریب کے دوران مختلف شہروں سے آئے افراد میں بایونک مصنوعی بازوؤں سمیت جدید آلات تقسیم کئے گئے، اس موقع پر لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سطح پر مایو الیکٹرک اور جدید پروستھیٹکس فراہم کئے گئے ہیں، یہ بایونک مصنوعی اعضا پٹھوں کے برقی سگنلز کے ذریعے حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے مستفید افراد دوبارہ چلنے پھرنے اور روزمرہ کے امور انجام دینے کے قابل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ افراد باہم معذوری کی معاشی اور سماجی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ جدید مصنوعی اعضا نے ان کی خود مختاری اور معاشرتی رسائی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
