آئی جی پنجاب کا کچہ آپریشن میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کو خراجِ عقیدت
(لاہور نیوز) راجن پور کچہ آپریشن کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کی دسویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق 2016 میں آج ہی کے دن راجن پور کچہ میں ہونے والے آپریشن کے دوران چھوٹو گینگ کے خلاف مقابلے میں 6 پولیس افسران و اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوت قوم کا فخر ہیں، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، انہوں نے شہداء کی فیملیز کو بھی سلام پیش کیا۔
شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر محمد حنیف، ہیڈ کانسٹیبل محمد اجمل اور کانسٹیبلز عبیداللہ فہیم، محمد طارق، امان اللہ اور محمد شکیل شامل ہیں، جنہوں نے بہادری اور جرات کی مثال قائم کرتے ہوئے ملک و قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ان شہداء کی قربانیاں فورس کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور امن و امان کے قیام کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
