
(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب کے مختلف سرکاری کالجز میں میل اساتذہ کی مخصوص پوسٹوں پر فی میل اساتذہ کی تعیناتی کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔
میل اساتذہ کی جانب سے مسلسل شکایات کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اس معاملے کی باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت کئی اضلاع کے کالجز میں مرد اساتذہ کی پوسٹوں پر خواتین اساتذہ کو تعینات کر دیا گیا ہے، جس پر متاثرہ اساتذہ نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ سے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔
اساتذہ کی تنظیموں نے اس عمل کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے شکایات کی روشنی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جس نے ابتدائی طور پر متعلقہ کالجز سے پوسٹنگ کا مکمل ریکارڈ اور تفصیلی ڈیٹا طلب کر لیا ہے، اس کے علاوہ میل اساتذہ کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ ان کے بیانات قلمبند کئے جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی آئندہ چند دنوں میں ابتدائی رپورٹ تیار کرے گی جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔