
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی بجٹ کا ڈرافٹ تیار کر لیا جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب کیلئے 1210 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے، بجٹ میں 1358 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ٹیکسالی گیٹ، موچی گیٹ، یکی گیٹ، شاہ عالم گیٹ کی مرمت و بحالی کیلئے 29 کروڑ 92 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے سرکاری کالجز میں سولر سسٹم کیلئے 3 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس، ہائی کورٹس کی سولر منتقلی کیلئے 3 ارب 4 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
پنجاب حکومت نے الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس کو سولر پر منتقل کرنے کے لئے 20 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹیز سولر پر منتقل کرنے کیلئے 33 کروڑ 94 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ 26-2025 میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی اپ گریڈیشن کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں ، آئندہ مالی سال میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے کثیر رقم مختص ہو گی، واسا کی تجویز پر بجٹ میں 20 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، بجٹ میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو واسا کیلئے 65 ترقیاتی سکیموں کی منظوری ہو گی۔