
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بھارتی گودی میڈیا جرنلزم کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گودی میڈیا مودی حکومت کے تلوے چاٹنے میں آخری حد تک پہنچ چکا ہے، ایک جھوٹ مودی سرکار بولتی آگے سو جھوٹ بھارتی میڈیا پھیلانے کا کام کرتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گودی میڈیا کے نزدیک بھارت نے پورا پاکستان فتح کرلیا،پاکستان کے تمام شہر محفوظ ہیں،معمولات زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، دنیا کا میڈیا بھارتی حکومت اور گودی میڈیا کا مذاق اڑا رہا ہے، پاکستان کے شہر کے قریب بھی پھٹکنا بھارت کی ناتمام خواہش ہے جو تاقیامت ناتمام رہے گی انشاءاللہ۔
صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ انڈین میڈیا کارٹون نیٹ ورک بن چکا ہے، مودی خود ایک ہفتے سے کسی بل میں چھپ کر بیٹھا ہے، بھارت نے 1965ء میں لاہور فتح کرنے کا خواب دیکھا تھا پھر عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آج پھر تین دن سے بھارتی فورسز پاکستان کی فورسز سے ذلت آمیز شکست کھا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ تاریخ رقم کررہی ہے، پاک فضائیہ نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے اسکی تصدیق انٹرنیشنل میڈیا کررہا ہے، گودی میڈیا مودی سرکار کی عالمی ہزیمت مٹانے کے لئے پاکستانی طیارے گرانے کی فیک نیوز پھیلا رہا ہے، الحمدللہ پاکستان کے تمام طیارے مکمل محفوظ ہیں، پاکستان کی بہادر افواج ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا جانتی ہیں۔