
(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چور چور کے نعرے لگانے والا خود ڈاکے میں ملوث نکلا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج طویل عرصے تک چلنے والے القادر یونیورسٹی کیس کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس میں ثابت ہوا چور چور کے نعرے لگانے والا خود ڈاکے میں ملوث نکلا، جس وقت ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے لوگ جیلوں میں تھے اس وقت یہ ڈاکے کی پلاننگ کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جو رقم این سی اے نے برطانیہ سے بھیجی وہ اس نے بزنس ٹائیکون کے اکاؤنٹ میں ڈالوا دی، کابینہ کو جب کچھ بتایا ہی نہیں گیا بس کہہ دیا کہ اپروول ہو گئی ہے، غیر قانونی کام کی کوئی کابینہ منظوری نہیں دے سکتی، ریاست میں بیٹھے افراد کے خلاف چوری کے مقدمات چلیں تو یہ خوشی کی بات نہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا، آج کا فیصلہ مکافات عمل ہے، نوازشریف پر لگے کسی الزام کی سچائی بتا دیں، نواز شریف نے ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا، نوازشریف کی بیٹی بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دے رہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں معیشت کی گاڑی کھائی میں گر رہی تھی، وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت کی گرتی گاڑی کو سڑک پر ڈالا ہے، مہنگائی نیچے آ رہی ہے، قرضے کم ہو رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے خود تعریف کی ہے تو اس سے بڑا سرٹیفکیٹ کیا ہو سکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں میں مذاکرات کا سب سے بڑا حامی ہوں، کوئی بتادے میں نے مذاکرات کی مخالفت کی ہو، کوئی مذاکرات کر کے مکر جاتا ہے کہ میری تو ملاقات ہی نہیں ہوئی یہ کل پرسوں کی ہی بات ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کسی بھی پارٹی کے مستقبل کا عوام فیصلہ کرتے ہیں، پی ٹی آئی میں ایسے ایسے لوگ ہیں جن کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا لیکن اب بھی وہ قوالی کر رہے ہیں۔