(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کی ملاقات ہوئی۔
وفد نے سبط حسن کی قیادت میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے اہم ملاقات کی، طلبہ نے گورنر پنجاب کو تعلیمی اور انتظامی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں احسن رضوی، منصور کٹاریہ، ناصر مہدی، حسن خان اور حذیفہ مظہر بھی شریک تھے۔
طلبہ نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کے مسائل بشمول تعلیمی سہولیات کی کمی، ہاسٹل کے ناقص انتظامات جیسے اہم مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، طلبہ نے فیسوں میں اضافے اور سکالرشپ کے اجراء میں تاخیر جیسے مسائل پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
طلبہ نے بتایا ہاسٹل کے انفراسٹرکچر کی حالت بہتر بنانے اور یونیورسٹی میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، گورنر پنجاب نے طلبہ کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا، نوجوان نسل نے توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست مسترد کر دی ہے، اتحادی حکومت کے چلنے سے ملک کی معیشت سمیت تمام اشاریئے بہتری کی طرف گامزن ہیں، نوجوان اپنے اندر برداشت پیدا کریں۔