(لاہور نیوز) پی ٹی آئی احتجاج تعلیمی سرگرمیوں پر بھی بھاری رہا۔
راستوں کی بندش کے باعث پبلک سروس کمیشن کے امیدواروں کے انٹرویوز نہ ہو سکے، پنجاب یونیورسٹی کو بی اے اور بی ایس سی کے ضمنی امتحانات ملتوی کرنا پڑے، جامعہ پنجاب میں مڈ ٹرم آن کیمپس امتحانات بھی التوا کا شکار ہو گئے، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا کانووکیشن بھی ملتوی کر دیا گیا، یو ای ٹی میں کلاسز کو بھی آن لائن موڈ پر منتقل کرنا پڑا۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ریگولر کلاسز اور آن لائن پڑھائی میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی احتجاج سے تعلیم کے مختلف شعبوں سے جڑے افسران کے تحریری امتحانات ملتوی ہوئے، چھوٹے بڑے تعلیمی اداروں میں متعدد کانفرنسز نہ ہو سکیں، راولپنڈی اور اسلام آباد میں دو دن تک تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔
لاہور میں اس سے پہلے سموگ کے باعث 2 ہفتے تک تعلیمی ادارے بند رکھے گئے جس سے طلبہ کو بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہو چکا ہے۔