نئے صوبے ملکی ترقی کا واحد حل، کوئی صوبوں کے قیام کو نہیں روک سکتا: ندیم قریشی
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام اور جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کی فعالیت کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان بحث ہوئی۔
اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے نئے صوبوں کے قیام کو ملکی ترقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل نئے صوبوں میں ہے اور اب کوئی بھی نئے صوبوں کے قیام کو نہیں روک سکتا، عوام کی خواہش ہے کہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان پر مشتمل الگ صوبہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب میں سول سیکرٹریٹ قائم کیا گیا تھا، حکومت کے رولز 2011ء میں تبدیلی کے بعد جنوبی پنجاب میں سول سیکرٹریٹ بنایا گیا اور وہاں 9 محکمے قائم کئے گئے، بہاولپور میں سول سیکرٹریٹ مکمل طور پر فعال نہیں ہے، اربوں روپے کی عمارت تعمیر کی گئی اور عملہ بھی تعینات کیا گیا، لیکن اصل اختیارات اور براہ راست چارج پنجاب کی بیوروکریسی کے پاس ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کا سول سیکرٹریٹ اس وقت فعال ہے، ملتان میں 9 جبکہ بہاولپور میں 8 محکمے کام کر رہے ہیں، 10 محکموں میں اسپیشل سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کر رہے ہیں، ملتان اور بہاولپور دونوں مقامات پر مختلف محکمے فعال ہیں اور تعلیم و صحت سمیت اہم شعبوں کیلئے سول سیکرٹریٹ کام کر رہا ہے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمن کے مطابق جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، ہائر ایجوکیشن، زراعت، ہاؤسنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور فنانس سمیت مختلف محکمے کام کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں اسپیشل سیکرٹریز کام کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ پرائمری اینڈ ہیلتھ کیئر کے 60 اہلکار جنوبی پنجاب کے اضلاع میں خدمات انجام دے رہے ہیں، سول سیکرٹریٹ میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے 41، ہائر ایجوکیشن کے 32، ہاؤسنگ کے 23 اور محکمہ زراعت کے 49 اہلکار تعینات ہیں۔
مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ندیم قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ جا کر خود جائزہ لیں اور چیک کریں کہ کون سا افسر اپنے دفتر میں موجود ہے اور کون نہیں۔
