(لاہور نیوز) سموگ کی شدت میں اضافے کے باعث فضائی صورتحال بری طرح متاثر ہونے لگی۔
شہری دھویں اور آلودہ فضا کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، لاہور کے گردونواح میں دھان کی فصل کی باقیات کو بلاخوف جلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لاہور سیالکوٹ موٹروے کے گردونواح میں کھلے عام فصلوں کی باقیات جلانے کی ویڈیوز بھی سامنے آ گئی ہیں، جبکہ متعلقہ علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلائے جانے کی تصدیق ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر سے بھی ہوئی ہے۔
ترجمان محکمہ تحفظ ماحولیات ساجد بشیر کے مطابق محکمہ ماحولیات کی فیلڈ انفورسمنٹ ٹیمیں متحرک ہیں اور ہاٹ سپاٹ ایریاز میں موٹرویز کے ساتھ ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور خلاف ورزیوں پر فوری کارروائیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ساجد بشیر کا کہنا تھا کہ صوبے کے 10 اضلاع میں محکمہ تحفظ ماحولیات کی 67 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جو فصلوں کی باقیات جلانے سمیت فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور تدارک کیلئے سرگرم ہیں۔
