تحصیل رائیونڈ میں آٹے کی بلیک مارکیٹنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، دکانداروں کے لائسنس منسوخ
(لاہور نیوز) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اویس جہانگیر کی ہدایت پر تحصیل رائیونڈ میں سرکاری نرخوں پر آٹے کی فروخت یقینی بنانے اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی۔
کارروائی کے دوران مبینہ طور پر آٹا مہنگے داموں اور بلیک میں فروخت کرنے والے 14 دکانداروں کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے، کارروائی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شاہد حسین اور فوڈ انسپکٹر ندیم کی سربراہی میں کی گئی، محکمہ فوڈ کی جانب سے کارروائی کی زد میں آنے والے دکانداروں کے نام بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
محکمہ فوڈ کے مطابق لائسنس منسوخ کئے جانے والے دکانداروں میں ایم نواز سٹور، یاسر ٹریڈر، حافظ ٹریڈر، قادریہ کریانہ سٹور، شکیل کریانہ سٹور، سجاد کریانہ سٹور، اسد کریانہ سٹور، ندیم شہزاد ٹریڈر، ملک ریاض کریانہ سٹور، افضل ٹریڈر، پٹھان کریانہ سٹور، عدنان اشرف کریانہ سٹور، بشارت کریانہ سٹور اور علی کریانہ سٹور شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈی ایف سی اویس جہانگیر نے واضح کیا کہ کسی بھی آٹا لائسنس ہولڈر کو بلیک مارکیٹنگ یا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل رائیونڈ میں ناجائز منافع خوری اور آٹے کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی، خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی ایف سی اویس جہانگیر کا کہنا تھا کہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
