خواتین، بچوں کے تحفظ کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ، سپیڈی کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کن قانونی اقدامات کرتے ہوئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے اور ایسے جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کیلئے سپیڈی کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام، تفتیش اور سزاؤں کی شرح بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایسے مقدمات میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا اور مؤثر تفتیش کیلئے پولیس افسران کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن میں بہتری کیلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معاونت حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں آڈیو اور ویڈیو شہادتوں کی مؤثر ریکارڈنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کی پیشگی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں، ان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
اجلاس میں آئی جی پولیس نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں ویمن ہیلپ ڈیسک، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر اور موبائل پولیس اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پولیس اسٹیشنز میں خواتین سے متعلق 12 لاکھ 40 ہزار شکایات درج کی گئیں جبکہ ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن پر تقریباً سوا لاکھ شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 92 فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے درج شکایات پر 70 ہزار گمشدہ یا اغوا شدہ بچوں کو بازیاب کرایا گیا جبکہ 4 ہزار خصوصی بچوں کو بھی بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا، بچوں سے زیادتی کے 7 ہزار 588 کیسز حل کیے جا چکے ہیں، خواتین اور بچوں سے زیادتی کے 71 فیصد واقعات میں قریبی افراد ملوث پائے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے آئی جی پولیس، آر پی او، ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی، انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے مؤثر قانون سازی کی جائے گی، ایسے مقدمات میں سزا یقینی بنانے کیلئے خصوصی نوعیت کی تفتیش ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات کی رپورٹنگ ناگزیر ہے، ان جرائم کی روک تھام کیلئے سماجی اور معاشرتی شعور و آگاہی بھی ضروری ہے۔
