نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام اسی ویژن کا عملی ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سی ایم آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت اور عملی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں، چار ماہ پر مشتمل اس انٹرن شپ پروگرام کے دوران ہر انٹرن کو حکومت پنجاب کی جانب سے ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تیسرے مرحلے کیلئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جس کے ذریعے مزید گریجویٹس کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے اور روزگار کمانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو صرف وعدوں اور دعوؤں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے معاشی طور پر خودمختار بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، انہیں ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔
