(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ناقص اور مضر صحت گوشت کی سپلائی کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے کچا جیل روڈ پر گھر میں قائم غیر قانونی مذبح خانے سے 2 من بدبودار اور ناقص گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے حکم پر ویجیلنس ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ حکام کے مطابق رہائشی علاقے میں گھر کے اندر چھپ کر غیر قانونی طور پر گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق برآمد ہونے والا گوشت بدبودار اور ایکسپائر تھا، جس کی رنگت تبدیل ہو چکی تھی اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار جانوروں کا پایا گیا۔ ناقص گوشت بغیر پیکنگ اور ضروری ٹیگنگ کے فریزر میں محفوظ کیا گیا تھا۔
منصور احمد کا کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ شہری غیر معیاری اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
