(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اکتوبر 2026 کے دوران ملک کو موصول ہونے والی ترسیلات زر کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اکتوبر میں 3 ارب 90 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں ترسیلات زر میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 13.8 فیصد جبکہ ستمبر کے مقابلے میں 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران مجموعی طور پر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان موصول ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر کے دوران سعودی عرب سے پاکستانیوں نے 98 کروڑ 16 لاکھ ڈالر وطن بھیجے، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 81 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں، اسی طرح برطانیہ سے 59 کروڑ 22 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 32 کروڑ 89 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔
