پورے وسطی لاہور میں انڈر گراؤنڈ سیوریج پائپ لائن بچھائی جائے گی، بلال یاسین
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ پورے وسطی لاہور میں انڈر گراؤنڈ سیوریج پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
گلبرگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا اور آئندہ چھ ماہ میں اس پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 41 اضلاع میں واسا کے 41 دفاتر کام کر رہے ہیں، جبکہ تمام دفاتر کے پاس جدید مشینری بھی موجود ہے، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا میں 205 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ، گجرات سمیت پنجاب کے کئی شہر بارشوں کے دوران پانی میں ڈوب جاتے تھے، تاہم حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ کسی شہر کو بارشی پانی کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے، انڈر گراؤنڈ سیوریج پائپ لائنوں اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسے منصوبوں سے نکاسی آب کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔
