تمام میڈیکل یونیورسٹیز میں انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی میڈیسن کا قیام یقینی بنائیں، صوبائی وزیر صحت
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 20 ویں سینڈیکیٹ اجلاس، دوران اجلاس یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کے مالی سال 27-2026 کے پونے 7 ارب روپے کے سالانہ بجٹ تخمینے کی منظوری دے دی گئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیز کے مالی معاملات میں سو فیصد فافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، طبی درسگاہوں میں جدید ریسرچ کو بھی پروان چڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، پنجاب میں نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جبکہ صوبے کی تمام میڈیکل یونیورسٹیز میں انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی میڈیسن کا قیام یقینی بنائیں گے۔
قبل ازیں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں منعقدہ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری و ممبر یونیورسٹی سینڈیکیٹ ضیاء اللہ شاہ، ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹس حماد الرب اور ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن اسامہ جاوید نے شرکت کی۔
وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر میجر جنرل ریٹائرڈ سہیل امین، سینڈیکیٹ ممبر ڈاکٹر ناصر جمال، جنرل ریٹائرڈ اسلم، ڈاکٹر سیمی گل، سید طاہر شہباز اور دیگر ممبران شریک ہوئے۔
اجلاس میں 19 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی جبکہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کے مالی سال 26-2025 کے تخمینہ بجٹ، ریوائزڈ بجٹ اور ایچ ای سی کے ریوائزڈ بجٹ تخمینے کی منظوری دی گئی۔
سینڈیکیٹ اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے لیے یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کے 33 کروڑ 87 لاکھ روپے کے پی ایل اے سالانہ بجٹ تخمینے اور ایچ ای سی کے 5 کروڑ 96 لاکھ روپے کے بجٹ تخمینے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کے مالی سال 26-2025 کے بقایاجات کی مد میں 68 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد جبکہ راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال کے بقایاجات کی مد میں 58 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز منظور کیے گئے۔
اسی طرح ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے سیوریج سسٹم کی بہتری اور بحالی کے لیے 19 کروڑ 61 لاکھ روپے، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کو ویکسینز کی خریداری کے لیے 2 کروڑ 93 لاکھ روپے کی ادائیگی اور کنٹیجنسی بلز کی ادائیگی کے لیے 3 کروڑ 86 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
سینڈیکیٹ اجلاس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سلیکشن بورڈ کے لیے نئے سینڈیکیٹ ممبران کی نامزدگی، انڈر گریجویٹ اٹینڈنس پالیسی 2027 اپنانے اور بورڈ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے لیے نئی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی۔
