(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا دھی رانی پروگرام، اجتماعی شادیوں کے لیے 25 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد درخواستوں کی تحصیل کی سطح پر تصدیق مکمل کر لی گئی۔
درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد 5 ہزار مستحق جوڑوں کا میرٹ پر انتخاب کیا جائے گا۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے دوران دھی رانی پروگرام کی تقریبات کے لیے مجوزہ کیلنڈر پیش کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ثمن رائے، سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہوئے انتظامی تیاریوں پر بریفنگ بھی دی۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے پروگرام کے ہر مرحلے پر شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں کی عزتِ نفس اور سہولت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت سکھ، ہندو اور عیسائی برادریوں سے تعلق رکھنے والی مستحق بچیاں بھی مستفید ہوں گی۔
سہیل شوکت بٹ کے مطابق دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو اجتماعی شادیوں کے ذریعے سہولت فراہم کرنا ہے۔
