(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ہلڑبازی، روڈ ریج، ون ویلنگ، ریسنگ، ڈرفٹنگ اور گاڑیوں کے سائلنسر نکال کر شہریوں کا سکون برباد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈیفنس فیز 6 انڈرپاس پر روڈ بلاکنگ، روڈ ریج اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث ایک اور گاڑی پکڑ لی گئی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بلال نامی کار ڈرائیور کو ایک بار پھر علامہ اقبال روڈ پر خطرناک ڈرائیونگ اور اسٹنٹ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ گڑھی شاہو میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 6 انڈرپاس پر روڈ بلاکنگ اور روڈ ریج کے واقعے کے بعد ملزم گاڑی سمیت روپوش تھا۔ کار ڈرائیورز نے سوشل میڈیا پر خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کی متعدد ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر رکھی تھیں۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا ہے کہ روڈ بلاکنگ، خطرناک ڈرائیونگ، صوتی آلودگی اور خوف و ہراس پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کے امن و سکون میں خلل ڈالنے پر متعدد ڈرفٹرز کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ بلاکنگ، روڈ ریج اور خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
