(لاہور نیوز) گڑھی شاہو پل پر ڈکیتی کی مبینہ واردات کی اطلاع جھوٹی نکلی۔
پولیس کے مطابق محکمہ صحت کے ملازم نے سرکاری لیپ ٹاپ اور قیمتی موبائل فونز خوردبرد کرنے کی کوشش میں پولیس ایمرجنسی 15 پر جھوٹی کال کی، کالر نے دعویٰ کیا تھا کہ تین موٹرسائیکل سوار افراد نے اسے لوٹ لیا ہے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو صورتحال مشکوک محسوس ہوئی، جس کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی حقیقت سامنے آ گئی۔
پولیس نے ملزم آفاق کو شاملِ تفتیش کیا تو اس نے دورانِ تفتیش جھوٹی کال کرنے کا اعتراف کر لیا، ملزم کے گھر سے سرکاری لیپ ٹاپ اور دونوں موبائل فون بھی برآمد کر لئے گئے۔
ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق ملزم سرکاری لیپ ٹاپ اور قیمتی موبائل فونز خوردبرد کرنا چاہتا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ جھوٹی ایمرجنسی کالز کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
