(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور نے غیر ملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تفتیش میں شامل نہیں ہو رہا، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو کمرہ عدالت میں ہی شامل تفتیش کیا جائے۔
ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے مطابق غیر ملکی خاتون نے کہا ہے کہ تنویر اس کا ملزم نہیں، وکیل نے استدعا کی کہ خاتون کو پاکستان بلوایا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
سماعت کے دوران پولیس کی بھاری نفری سیشن کورٹ پہنچ گئی، اس موقع پر پولیس اور ملزم کے ساتھ آنے والے افراد کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی، ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کے ساتھ آنے والے بعض افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا، تاہم ملزم تنویر وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسری جانب، ملزم تنویر کو سیشن کورٹ کے باہر سے سی سی ڈی کی جانب سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، ذرائع کے مطابق ملزم کے بھائی سمیت دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
