پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ایک ماہ میں 255 آپریشنز، 285 منشیات فروش گرفتار
(لاہور نیوز)پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 255 کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 285 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ منشیات کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر ایک ہزار 20 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں سے 40 پستول، 8 رائفلیں اور 2 مشین گنیں بھی برآمد ہوئیں۔ اس دوران دو اشتہاری منشیات فروش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، جبکہ تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ منشیات فروشوں کی فائرنگ سے فورس کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق 16 ستمبر سے اب تک کی کارروائیوں میں 550 کلوگرام کوکین اور 1.9 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 100 کلوگرام پوپی اسٹرا، 620 کلوگرام بھنگ، 241 کلوگرام چرس اور 28.2 کلوگرام افیون بھی قبضے میں لی گئی، جبکہ کارروائیوں کے دوران 26 کلوگرام آئس اور 540 لیٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گردونواح میں منشیات فروشی سے متعلق سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 1012 پر دیں تاکہ منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
