(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 24 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق لاہور میں حکومتی اداروں کے خلاف ریاست مخالف گفتگو کے معاملے پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سوسان روڈ پر غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی میں 3 افراد کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپس اور موبائل فونز سے غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا۔
فیصل آباد کے علی ٹاور میں قائم کال سینٹر پر چھاپے کے دوران غیر ملکی کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے دھوکہ دہی میں ملوث 16 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
دوسری جانب ملتان میں آن لائن خرید و فروخت کے فراڈ اور ای بے پر سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے رقم ہتھیانے کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملتان ہی میں خاتون کی نجی ویڈیوز بنا کر انہیں ہراساں کرنے کے مقدمے میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے حکام کے مطابق سائبر کرائمز اور آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں سختی سے جاری رہیں گی۔
