(لاہور نیوز) لیسکو نے پرائیویٹ سیکٹر سے لائن سٹاف کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے لائن سٹاف کی بھرتی کے لیے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت اسسٹنٹ لائن مین سمیت لائن سٹاف کو ٹھیکیداری نظام کے تحت مختلف دفاتر میں تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت بجلی کی لائنوں کی دیکھ بھال اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ٹھیکیداری نظام کے تحت عملہ تعینات کیا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت لائن سٹاف کی خدمات نجی کمپنی کے ذریعے حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے اسسٹنٹ لائن مین کی بھرتی کے لیے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جبکہ معاہدے کے تحت عملے کو لم سم پیکج پر مختلف دفاتر میں تعینات کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر کے تحت بھرتی کیے جانے والے لائن سٹاف کے انٹرویوز کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد عملے کی بھرتی اور تعیناتی کا عمل ٹھیکیداری نظام کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
اس نظام کے تحت بجلی کی لائنوں کی دیکھ بھال اور صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے متعلقہ عملے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
