(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹیز میں مشکوک گاڑیوں کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر کے 43 سمارٹ سیف سٹیز میں جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشکوک گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق جدید کیمروں کی مدد سے جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کی خودکار نشاندہی کی جاتی ہے، جس کے بعد متعلقہ پولیس ٹیموں کو فوری کارروائی کیلئے الرٹس جاری کئے جاتے ہیں، سیف سٹی کی نشاندہی پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں متعدد مشکوک گاڑیوں کو پکڑوا کر قانونی کارروائی بھی کروائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق نمبر پلیٹس پر ٹیپ، کپڑا یا دیگر اشیاء لگا کر رجسٹریشن نمبر چھپانے والی گاڑیاں بھی سیف سٹی کی نگرانی میں ہیں، اسی طرح رجسٹریشن نمبرز میں ردوبدل کرنے اور دوسری گاڑیوں کے نمبر استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج سمیت سخت قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، نمبر پلیٹس چھپانے یا رجسٹریشن نمبرز میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر رجسٹریشن ریکارڈ کے مطابق اصل اور منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں، اگر کسی شہری کو معلوم ہو کہ اس کی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر کسی دوسری گاڑی پر استعمال ہو رہا ہے تو وہ فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے مشکوک گاڑیوں کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ پولیس ٹیموں کو فوری اطلاع دینے کا عمل جاری ہے تاکہ غیر قانونی نمبر پلیٹس کے استعمال کی روک تھام اور قانون کی عمل داری یقینی بنائی جا سکے۔
