پنجاب پولیس کی ناجائز اسلحے کیخلاف مہم ، رواں سال ہزاروں ہتھیار، 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد گولیاں برآمد
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں ناجائز اسلحے کے خلاف جاری مہم کے دوران رواں سال اب تک سنگین وارداتوں، اسلحے کی نمائش اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے ہزاروں ہتھیار اور ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کر لی ہیں۔
پنجاب پولیس کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحے میں 760 کلاشنکوف، 26 ہزار 897 پستول، ایک ہزار 342 رائفلیں، 2 ہزار 96 بندوقیں اور 592 ریوالور شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 45 ہزار 764 گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 22 کلاشنکوف، 118 رائفلیں، 140 بندوقیں، 4 ہزار 915 پستول، 108 ریوالور اور 24 ہزار 331 گولیاں برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش کرنے اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔
انہوں نے غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت اور نقل و حمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس، اسلحے کے سٹاک اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال یقینی بنانے پر زور دیا۔
عبدالکریم نے مزید ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور غیر قانونی اسلحے کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
