15 Oct 2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک دس روزہ بسنت منانے کے اعلان کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست گزار نے بسنت 2027 کا اعلان کالعدم قرار دینے اور اس کا دورانیہ دس روز سے کم کرکے ایک دن کرنے کی استدعا کی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے شہری شاہد اسلام کی درخواست 16 اکتوبر بروز جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کر دی، جسٹس شہرام سرور چوہدری درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر لاہور، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار شاہد اسلام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت منانے کا اعلان کیا ہے، جس کا دورانیہ دس روز مقرر کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے اس اعلان کو چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ بسنت 2027 کے انعقاد کا اعلان کالعدم قرار دیا جائے جبکہ متبادل طور پر اس کا دورانیہ دس روز سے کم کر کے صرف ایک دن کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ برس بسنت کے دوران 17 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں، پتنگ بازی کے نتیجے میں شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، جبکہ پتنگ کی ڈور سے گلے کٹنے اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے اموات کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔
