(لاہور نیوز) گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار 22 ویلر ٹرالر تلے کچلی گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے طویل آپریشن کے بعد تینوں افراد کی لاشیں تباہ شدہ کار سے نکال لیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر پیش آیا جہاں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر 22 ویلر ٹرالر چڑھ دوڑا۔ ٹرالر کے بھاری وزن کے باعث کار مکمل طور پر پچک گئی اور اس میں سوار افراد پھنس گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لیے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد لی گئی۔
جبکہ گاڑی میں پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں نے کار کے مختلف حصے کاٹے۔ امدادی کارروائی کے دوران تینوں افراد کی لاشیں نکال کر مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد عاصم، ان کی اہلیہ ہما عاصم اور بیٹے طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ میں شاہ جمال سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حادثے کا شکار کار کا رجسٹریشن نمبر DEX-436 بتایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد تباہ شدہ کار کو موقع سے ہٹا دیا گیا اور علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی، تاہم حادثے کا ذمہ دار ٹرالر موقع پر موجود رہا۔
