(لاہور نیوز) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھنے، آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ والدین بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں۔
ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
