(لاہور نیوز) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔
وزیر ریلوے نے پلیٹ فارم نمبر 4 پر غیر معیاری بینچز پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تمام غیر معیاری بینچز فوری ہٹا کر معیاری نئے بینچز نصب کرنے کی ہدایت کی محمد حنیف عباسی نے مسافر سہولیات کی براہ راست نگرانی کے لیے ڈی ایس آفس کو لاہور ریلوے اسٹیشن منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایس آفس کی اسٹیشن منتقلی سے مسافر سہولیات، جاری منصوبوں اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی اُنہوں نے فیملی اور ایگزیکٹو لاؤنجز میں ایئر کنڈیشننگ سمیت دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ مسافروں نے اے سی ہالز میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر وزیر ریلوے سے اظہار تشکر کیا۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ مسافروں کو معیاری اور آرام دہ سفر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ریلوے اسٹیشنز پر مسافر سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
