(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو مختلف ڈیجیٹل اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال 37 لاکھ 59 ہزار سے زائد شہریوں نے خدمت مراکز سے مختلف سروسز حاصل کیں۔
ترجمان کے مطابق 13 لاکھ 29 ہزار سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن، جبکہ 7 لاکھ سے زائد شہریوں نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کیے۔ 10 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری کا اندراج کروایا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد شہریوں نے میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس حاصل کیے، جبکہ کمزور طبقات کے لیے جاری اقدامات کے تحت 84 ہزار سے زائد افراد کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا گیا۔
اسی طرح 26 ہزار سے زائد شہریوں نے وہیکلز ویری فیکیشن کروائی، جبکہ 74 ہزار سے زائد شہریوں نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کرایا۔ 2565 شہریوں نے جرائم کی رپورٹ درج کروائی۔
ترجمان کے مطابق 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں، جبکہ 60 وویمن وائلنس رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد شہریوں نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) کروائی، جبکہ 3053 شہریوں نے نجی ملازمت کے لیے پولیس ویریفیکیشن کرائی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کا شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ ہیں، جہاں شہریوں کو 24/7 سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس خدمت مراکز، تھانوں اور دیگر پبلک مقامات پر شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کیا جائے اور عوام کو بروقت و معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
