(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں جاری انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور نعمان یوسف نے ایل او ایس پولیو سنٹر، رسول پارک اور سمن آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
کمشنر لاہور نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے والے بچے کو مارک بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جاری مہم کے دوران لاہور میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
نعمان یوسف کے مطابق مہم کے دوران لاہور میں 22 لاکھ 85 ہزار 229 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 5 ہزار 825 موبائل ٹیمیں، 371 فکسڈ ٹیمیں متحرک ہیں، جبکہ 214 ٹرانزٹ پوائنٹس کو بھی کور کیا جا رہا ہے۔
کمشنر لاہور نے بتایا کہ گھروں میں آنے والے مہمان بچوں اور ملازمین کے بچوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں میں پولیو کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام اڈوں اور ریلوے اسٹیشن پر بھی خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہر دروازے پر موجود ہیں، والدین بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
کمشنر لاہور نعمان یوسف کا کہنا تھا کہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنا والدین کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ بچوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
