(لاہور نیوز) شہر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اوگرا کی جانب سے رواں ماہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 258 روپے 65 پیسے مقرر کیے جانے کے باوجود مختلف علاقوں میں گیس 420 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی غیر قانونی دکانوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کا کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔
دکاندار شٹر ڈاؤن کرکے مبینہ طور پر چوری چھپے ایل پی جی فروخت کر رہے ہیں، جبکہ کارروائیوں کے باعث شہر میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا ہونے سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اوگرا کے مقررہ نرخ پر ایل پی جی دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخ پر فراہمی یقینی بنائی جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
