(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات سے متعلق تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کر دی تھی کہ دورے کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ بطور وزیر اطلاعات وہ پہلے ہی ذمہ داری سے واضح کر چکی ہیں کہ وزیراعلیٰ اپنے دورے کے تمام اخراجات خود ادا کریں گی۔ ان کے مطابق لندن سے واپسی سے قبل ہی بعض حلقوں نے حقائق جانے بغیر پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری نظام میں ہر چیز قانونی ضوابط اور مقررہ طریقہ کار کے تحت چلتی ہے، دورہ مکمل ہونے کے بعد اخراجات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے اور پھر چالان کے ذریعے ادائیگی کی جاتی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی حساب سامنے رکھ دیا جائے، ابھی دورہ مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ اس پر پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خود قوم کے اربوں روپے خرچ کرتے رہے، وہ آج پاک دامن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپشن کے داغ رکھنے والے افراد کو دوسروں پر الزامات لگاتے ہوئے شرم کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین کو ایک مرتبہ پھر شرمندگی اور ذلت برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے، ’’تھوڑا سا انتظار اور۔‘‘
