(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ججز کی موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کے لیے نئی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز جاری کردیے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر تیار کیے گئے نئے میکنزم کا مقصد تعطیلات کے دوران ججز کی دستیابی اور فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت یقینی بنانا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت موسمِ گرما کی تعطیلات کے لیے ججز کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھی جائے گی جبکہ سینئر اور جونیئر ججز کا مناسب امتزاج یقینی بنایا جائے گا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ موسمِ گرما کے تین تعطیلاتی گروپس تشکیل دیں گی۔
ججز کو گرمیوں کی تعطیلات کے گروپس اور دورانیے سے ہر سال جنوری کے اختتام تک آگاہ کیا جائے گا۔ تعطیلات کے دورانیے میں تبدیلی یا دوسرے جج سے تبادلے کی درخواست فروری کے اختتام تک دی جاسکے گی، جبکہ یکم مارچ سے تعطیلاتی گروپس حتمی تصور ہوں گے۔
یکم مارچ کے بعد تعطیلاتی گروپ یا دورانیے میں تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں ممکن ہوگی اور اس کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری لازمی ہوگی۔
موسمِ سرما کی تعطیلات کے حوالے سے بھی نیا میکنزم متعارف کرایا گیا ہے۔ دو ہفتوں پر مشتمل سرمائی تعطیلات اب ہر سال 25 دسمبر کے بجائے دسمبر کے آخری پیر سے شروع ہوں گی اور دوسرے ہفتے کے ہفتہ کو ختم ہوں گی۔
سرمائی تعطیلات کے لیے ججز کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور دونوں گروپس میں ججز کی تعداد حتی الامکان برابر رکھی جائے گی۔ ججز کو سرمائی تعطیلات کے گروپس اور دورانیے سے ہر سال ستمبر کے اختتام تک آگاہ کیا جائے گا۔
سرمائی تعطیلات کے گروپ میں تبدیلی کی درخواست اکتوبر کے اختتام تک دی جاسکے گی، جبکہ یکم نومبر سے گروپس حتمی تصور ہوں گے۔ یکم نومبر کے بعد تبدیلی صرف غیر معمولی حالات میں ممکن ہوگی۔
نئے میکنزم کے تحت موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران مناسب تعداد میں ججز دستیاب رہیں گے تاکہ فوری اور ہنگامی نوعیت کے مقدمات کی بروقت سماعت یقینی بنائی جاسکے۔ نئی پالیسی سے ججز کو تعطیلات کی پیشگی منصوبہ بندی کا بھی موقع ملے گا۔
