(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں متحرک موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسی سلسلے میں فیکٹری ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ مبشر اور ساتھی زاہد شامل ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرکے فرار ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکلیں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہر بھر میں متحرک موٹر سائیکل چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
