(لاہور نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 11 منزلہ نئی عمارت میں قائم 26 نئی عدالتوں کا افتتاح کردیا۔
پہلے مرحلے میں فوجداری مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کی عدالتیں نئی عمارت میں منتقل ہوں گی۔ سنیارٹی نمبر 16 سے اوپر فوجداری مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو نئی عدالتوں میں منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گراؤنڈ فلور سے چوتھی منزل تک ہر فلور پر چار، چار عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں گراؤنڈ فلور کے علاوہ 8 بالائی اور 2 زیرِ زمین منزلیں شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز بھی موجود تھے۔ جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی خان، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس محمد وحید خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف سمیت دیگر ججز نے تقریب میں شرکت کی ۔
تقریب میں جسٹس جواد حسن، جسٹس سلطان تنویر احمد، جسٹس محمد امجد پرویز، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس غلام سرور نہنگ اور جسٹس سید فرہاد علی شاہ سمیت دیگر ججز بھی شریک تھے۔
