(لاہور نیوز) شہریوں کے محفوظ سفر اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے لاہور کی پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور رائیڈ ہیلنگ سروسز کی گاڑیوں میں 66 ہزار سے زائد QR پینک بٹن آویزاں کر دیئے گئے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 45 مقامات پر ٹریفک ٹیمیں QR پینک بٹن کی تنصیب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں اس مقصد کیلئے ٹیمیں موجود ہیں، رکشوں میں QR پینک بٹن کی تنصیب کیلئے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دائرے میں لانے اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے QR پینک بٹن کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے، شہریوں کی سہولت کیلئے مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے ٹریفک نظم و ضبط اور شہریوں کے تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
