(لاہور نیوز) فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران سید عاصم منیر کی ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں بھی قریبی تعاون جاری ہے، حالیہ پیش رفت میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے بھی جاری ہیں۔
