(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرپٹ اور بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس حکام نے ایس ایچ اوز کی فہرستیں تیار کرنا شروع کر دیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں تعینات ایس ایچ اوز کے حوالے سے خفیہ رپورٹس اور ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ علاقہ مکینوں سے بھی افسران کی کارکردگی اور شہرت کے بارے میں خفیہ سروے شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی ایس ایچ اوز کے بارے میں رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تمام رپورٹس اور ریکارڈ کی تصدیق کے بعد حتمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ایس ایچ اوز کی تعیناتی میں آئی جی آفس کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جن افسران کا کرپشن کیسز کا ریکارڈ موجود ہوگا، وہ ایس ایچ او نہیں رہ سکیں گے، کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اداروں کی رپورٹس، کریمنل ریکارڈ اور کرپشن کیسز کی تفصیلات جلد ہی سی سی پی او لاہور کو بھجوا دی جائیں گی۔
