(لاہور نیوز) پی ٹی اے اور ایف آئی اے نے غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
پی ٹی اے زونل آفس لاہور نے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ہمراہ فیروزپور روڈ، کاہنہ نو کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں ایک ادارہ پی ٹی اے کے لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروسز فراہم کر رہا تھا۔
پی ٹی اے کے مطابق کارروائی کے دوران 2 سسکو سوئچز، 5 جی پی او این او ایل ٹیز، 19 پیچ کیبلز، 3 کیش میمو بکس اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے خلاف کارروائیاں ٹیکس چوری اور آمدنی کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام کے لیے اہم ہیں اور ان اقدامات سے قومی خزانے کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف اتھارٹی سے لائسنس یافتہ ٹیلی کام آپریٹرز کی خدمات حاصل کریں۔
