(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے۔
مال روڈ چیئرنگ کراس پر جاری دھرنے میں مختلف اضلاع سے جماعت اسلامی کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں، جماعت اسلامی کے مطابق جنوبی پنجاب سے خواتین کا بڑا قافلہ آج احتجاجی دھرنے میں شرکت کرے گا، جبکہ مختلف علاقوں سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جماعت اسلامی نے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ بارہ ربیع الاول کے بعد دھرنے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، اب تک حکومت کی جانب سے لیوی ٹیکس کے خاتمے کے حوالے سے جماعت اسلامی سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
جماعت اسلامی قیادت کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
