(ویب ڈیسک)سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو ای سپورٹس کے میدان میں مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری سندھ ای سپورٹس چیمپئن شپ کا آغاز 24 اگست سے ہوگا، جس میں سندھ بھر سے ایک ہزار سے زائد ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔
وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیرِ صدارت اہم اجلاس کراچی میں ہوا، جس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق نے شرکت کی، اجلاس میں صوبائی وزیر کو سندھ سپورٹس پالیسی سمیت کھیلوں سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ دوسری سندھ ای سپورٹس چیمپئن شپ کا افتتاح 24 اگست کو لیاقت لائبریری میں کیا جائے گا، جبکہ چیمپئن شپ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گی۔
وزیر کھیل سندھ کے مطابق چیمپئن شپ میں سندھ بھر سے نوجوان شرکت کریں گے اور فاتح ٹیموں میں مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کریں اور ای اسپورٹس کے ذریعے دنیا میں سندھ کا نام روشن کریں۔
سندھ حکومت کے اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو جدید کھیلوں کے شعبے میں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں کو منظم اور مثبت سمت میں بروئے کار لانا ہے۔
