(ویب ڈیسک) ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت آج اہم میچ میں مدمقابل ہوں گے، جس میں پاکستان کو اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے لازمی فتح درکار ہے۔
پاکستان نے ایونٹ کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کھائی تھی جبکہ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ویلز کے خلاف شاندار مقابلے کے بعد 3-3 سے میچ برابر کیا۔
دوسری جانب بھارت نے ویلز کو 3-1 سے شکست دی، تاہم اپنے دوسرے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ مسلسل دو فتوحات کے ساتھ اگلے مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
پاکستان اگر بھارت کو شکست دے دیتا ہے تو اس کے پوائنٹس 4 ہو جائیں گے اور اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رہے گی، تاہم اگر ویلز اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کو شکست دے دی تو پھر پول سے دوسری ٹیم کا فیصلہ گول اوسط کی بنیاد پر ہو گا۔
پاکستان اور بھارت کا اہم مقابلہ آج شام 6 بجے ہو گا جسے دونوں ٹیموں کیلئے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں رسائی کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
